چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بے وسیلہ بچوں کی بحالی کے لئے اہم خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ سارہ احمد

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بے وسیلہ بچوں کی بحالی کے لئے اہم خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ سارہ احمد

… چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء کے باوجود صوبائی حکومت نے سٹریٹ چلڈرن کی فلاح وبہبود، صحت اور تعلیم کے حوالے سے موثراقدامات اٹھائے ہیں جبکہ ایک سال کے دوران لاہور سمیت مختلف شہروں سے سینکڑوں بے وسیلہ بچوں کو تحویل میں لے کر بحال کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ سٹریٹ چلڈرن ڈے پر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو شجاع بھٹی بھی موجود تھے۔
سارہ احمد نے کہا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے ہمیشہ بے وسیلہ بچوں کی فلاح و بہود کے لئے عملی کام کیاہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے سینکڑوں بے وسیلہ بچوں کو حفاظتی تحویل لیکر بحال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق پنجاب میں 10 لاکھ بے آسراء بچے سڑکوں پر ہیں جن میں گھروں سے بھاگے، گمشدہ، بھکاری،مزدور اور والدین کی جانب سے دھتکارے جانے والے بچے شامل ہیں۔ ہم بے آسراء بچوں کے ہاتھوں میں قلم اورکتاب دینا چاہتے ہیں۔ ایسے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی جانب سے تعلیم، صحت، رہائش اور اچھی خوراک جیسی سہولیات مفت فراہم کی جاتی  ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سٹریٹ چلڈرن کی اطلاع چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر دیں۔
ڈی جی چائلڈپروٹیکشن بیورو شجاع بھٹی نے کہا کہ بچے صرف غربت کی وجہ سے بھیک نہیں مانگتے بلکہ یہ ایک منافع بخش پیشہ اور کاروبار بن چکا ہے۔
٭٭٭٭٭

Monday, April 12, 2021