چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی قصور میں ذیادتی کا شکار بچی کائنات سے ملاقات، متاثرہ بچی کو مالی معاونت کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی ہاوس کو خط لکھ دیا۔ 

وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے قصور میں ذیادتی کا شکار بچی کائنات سے ہسپتال میں ملاقات کی۔ انہوں  نے کائنات کے علاج معالجہ کے حوالے سے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور سے دریافت کیا۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گل سے بھی کائنات کے کیس کے حوالے سے بات چیت کی جنھوں نے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کائنات کو ہسپتال منتقل کروایا۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے بچی کو مالی معاونت کی فراہمی کے لئے بھی وزیراعلٰی ہاوس کو خط لکھ دیا ہے۔ واضح رہے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے ذیادتی کا شکار بچی کے علاج معالجہ کے حوالہ سے نوٹس لیا تھا۔ اس حوالے سے چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر کائنات کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کردیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت متاثرہ بچی اور اس کے لواحقین کی طبی اور مالی امداد فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی زیر نگرانی کائنات کا علاج معالجہ مکمل کروایا جائے گا۔ کائنات کے والدین نے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا بچی کے علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

Monday, February 22, 2021