چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا پنجاب بھر میں پیشہ ور بھکاری بچوں کے خلاف کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر پنجاب بھر میں بھکاری بچوں کے خلاف کریک ڈاون کامیابی سے جاری ہے۔ انسداد گداگری مہم کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ریسکیو آپریشنز کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں کئے جانے والے ریسکیو آپریشن میں چئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کے ساتھ صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹن، ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو شجاع بھٹی اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے فوکل پرسن نے سربراہی کی۔گرینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران لاہور سے 100کے قریب بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔ گداگر بچوں کے خلاف گرینڈ ریسکیوآپریشن مسلم ٹاؤن موڑ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، مال روڈ، ڈیفنس، مین مارکیٹ گلبرگ، لبرٹی مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، شوکت خانم چوک، ایچ بلاک ڈیفنس مارکیٹ، بھٹہ چوک اور دیگر علاقوں میں کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ بھکاری بچوں کے خلاف ریسکیو آپریشن لاہور کے علاوہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے پنجاب بھرمیں تمام ضلعی دفاتر میں کیا جا رہا ہے۔ ان آپریشنز کی وجہ سے بھکاری بچوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بھکاریوں کے خلاف ریسکیو آپریشن میں چائلڈ پروٹیکشن بیورواور پولیس ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کی جانب سے ریسکیو آپریشن کے دوران تعاون پر ڈی آئی جی آپریشنز کی شکر گزار ہوں۔ بھکاری مافیا کے خاتمے تک یہ ریسکیو آپریشن جاری رہیں گے۔ لاہور کو بیگرز فری شہر بنانے میں ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ سارہ احمد نے کہا کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے عناصر کے خلاف عدالتی حکم کے بعد مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔بھکاری بچوں کو بھیک دینے کی بجائے ان کی حوصلہ شکنی کریں۔

بھکاری بچوں کے بارے میں چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر فوری اطلاع دیں۔

Saturday, October 3, 2020