چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے خواتین پارلیمنٹیرینز کے لئے ورکشاپ کا انعقاد، وزیراعظم پاکستان کی اولین ترجیح بچوں کے حقوق سے متعلقہ قانون سازی ہے جس پر کام جاری ہے۔ سارہ احمد

چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور این جی او سرچ فار جسٹس کے اشتراک سے اسلام آباد میں چائلڈ پروٹیکشن کے عنوان کے تحت ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا انعقاد خصوصی طور پر خواتین پارلیمنٹیرینز کیلئے کیا گیا جس میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بھی شرکت کی۔اس تربیتی ورکشاپ میں چیرپرسن سارہ احمد کی دعوت پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ میں ممبر صوبائی اسمبلی نیلم حیات ملک،سیمابیہ طاہر، شوانہ بشیر،عظمی کاردار، شمیم اور صبا صادق سمیت دیگر خواتین ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے شرکاء کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے متعلق بریفنگ دی۔ چیئر پرسن سارہ احمد نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران چائلڈ پروٹیکشن کے لیے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں بچوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون سازی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی اولین ترجیح بچوں کے لئے قانون سازی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق بچوں کے حقوق کے تحفظ کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پارلیمنٹیرینز بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی میں حصہ لے کر اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ چیئر پرسن سارہ احمد نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو این جی او سرچ فار جسٹس سمیت دیگر این جی اوز کے ساتھ مل بچوں کے تحفظ کو ممکن بنارہا ہے

Thursday, September 24, 2020