Child Protection Bureau Started Anti Beggary Warning Operation in Lahore

۔وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن علی آغا کی خصوصی ہدایت پرچئیر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کی جانب سے بڑا ایکشن لیا گیا ہے۔ چئیر پرسن سارہ احمد نے ریسکیو ٹیم کے ہمراہ لاک ڈاؤن کے دوران بھکاری بچوں  کے  خلاف وارننگ  آپریشن کیا۔ وارننگ ریسکیو آپریشن مسلم ٹاؤن موڑ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، شوکت خانم چوک اور دیگر علاقوں میں کیا گیا۔ وارننگ ریسکیو آپریشن کے دوران بھکاری بچوں اور ان کے والدین کو وارننگ اور آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم کورونا وائرس کے باوجود آج سڑکوں پر بھکاری بچوں کے خلاف وارننگ اور آگاہی دینے کےلئےموجود ہیں۔سارہ احمد نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز ور خصوصاً سول سوسائٹی سے اپیل ہے کہ بھکاری مافیا اور بھکاری بچوں کو بھیک مت دیں اور ان کی حوصلہ شکنی کریں۔یہ صرف ہماری ہی نہیں بلکہ تمام لوگوں کی اخلاقی اور معاشرتی زمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مہم کا مقصد بھکاری بچوں میں کورونا وائرس کے متعلق آگاہی اور وارننگ دینا ہے۔یہ ریسکیو آپریشن مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔سارہ احمد نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول کمشنر لاہور اور پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیشہ ور گداگروں کے خلاف جلد کاروائی کی جائے کیونکہ یہ گداگر کرونا وائرس کا بڑا سبب بن سکتے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کی معاونت کے بغیر مناسب آپریشن نہیں کیا جا سکتا۔ چئیر پرسن نے کہا کہ اگر بھکاری بچے اس وارننگ  آپریشن کے بعد بھی سڑکوں پر نظر آئے تو پولیس کے ہمراہ مل کر ان کے خلاف ایکشن لیں گے۔اس موقع پر مبر بورڈ آف گورنرز بیرسٹر صدیق چوہدری، فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور  چوہدری عبید، مس سمرین، نیلم رشید، ارسلان، حماد عزیز، ہارون خالد، نیلوفر حبیب، صبا بٹ, عطیہ،ڈاکٹر انیسہ اور تہمینہ بھی موجود تھے۔
Wednesday, April 8, 2020